ایٹہ22دسمبر(آئی این ایس انڈیا) مبینہ تبدیلی مذہب کے قانون کے تحت اترپردیش کے ایٹہ ضلع میں ایک تازہ کیس میں چھ مسلمانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں،پولیس اب بھی پانچ مزید افراد کی تلاش کر رہی ہے۔ اتر پردیش میں ئے قانون پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔ریٹائرڈججوں سمیت بہت سے لوگوں نے قانون کو غیر آئینی اور بنیادی حقوق کے منافی قرار دیا ہے۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 21 سالہ ہندو لڑکی کے والد نے یوپی کے اتہ ضلع کے جلیسار میں ایف آئی آر درج کی تھی۔
انہوں نے الزام لگایاہے کہ ایک مسلمان شخص اور اس کے رشتہ داروں نے اس کی بیٹی کومذہب کی تبدیلی اور شادی کے مقصد سے اغواکیاہے۔ پولیس نے بتایاہے کہ 17 نومبر کو ، لڑکی بازارکے لیے گھر سے نکلی تھی اور تب سے وہ لاپتہ ہے۔پولیس نے اس معاملے میں نئے قانون کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس نے اب تک 6 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ مفرور ملزم پر انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔